سنچیورین۔29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) باکسنگ ڈے ٹسٹ میں پاکستانی بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی کے بعد اب ٹیم میں اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد ڈریسنگ روم میں جم کر ہنگامہ ہوا۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کپتان سرفراز احمد اور سینئر بیٹسمینوں اسد شفیق اور اظہر علی کو کھری کھوٹی سنائی ، جس کا کھلاڑیوں نے بھی جواب دیا۔ اس نوک جھونک کے درمیان ہیڈ کوچ نے اخلاقیات کی ساری حدیں بھی پارکردیں اور وہ گالی گلوچ پربھی اترآئے۔ یہی نہیں مکی آرتھر اتنے غصے میں تھے کہ وہ ڈریسنگ روم کی چیزیں اٹھاکر پھینکتے ہوئے نظر آئے۔ ہیڈ کوچ نے ناقص بیٹنگ کیلئے ان تین کھلاڑیوں کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جان بوجھ کر غلط شارٹس کھیلے اور اپنی وکٹیں گنوائیں۔ خیال رہے کہ کپتان سرفراز احمد پہلی اور دوسری دونوں اننگزمیں صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ اسد شفیق پہلی اننگز میں سات اور دوسری اننگز میں چھ رن بناکر پویلین لوٹے۔ اظہر علی نے پہلی اننگز میں 36 رن بنائے جبکہ دوسری اننگز میں وہ کھاتہ بھی نہیں کھول سکے اور پویلین لوٹ گئے۔