کارپوریٹ سیکٹر کو مشغول کرنا وزیر اسپورٹس کی میٹنگ میں اہم تجاویز
نئی دہلی ، 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) موجودہ کوچنگ سسٹم میں بہتری، بنیادی سطح پر ٹیلنٹ کی شناخت، مزید اکیڈیمیوں اور مراکز کا قیام جس میں کارپوریٹ سیکٹر کا زیادہ بڑا رول رہے ایسے چند کلیدی نکات ہیں جن کی تجویز سابق اسپورٹس پرسنس نے آج وزیراسپورٹس وجئے گوئل کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں پیش کی ہے۔ یہ میٹنگ مستقبل کے اولمپکس میں انڈیا کے بہتر مظاہرے کو یقینی بنانے کی سمت مساعی کی کڑی ہے۔ ریو اولمپکس میں ہندوستان کا پرفارمنس اور مستقبل کی راہ کے موضوع پر راؤنڈ ٹیبل مباحثہ آج یہاں منعقد کیا گیا جس کی صدارت وزیر اسپورٹس نے کی۔ اس میٹنگ میں 2001ء کے بعد سے راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ جیتنے والی اسپورٹس شخصیتیں اور ڈروناچاریہ ایوارڈ حاصل کرنے والے کوچیس نے شرکت کی۔ شرکاء اسپورٹس اسٹارز میں پی ٹی اوشا، انجو بابی جارج، ساکشی ملک، ایم سی میریکوم، سردار سنگھ، گگن نارنگ، پی گوپی چند، کھاجن سنگھ، پی آر سریجیش اور کوچیس میں ستپال، ویریندر پونیا اور این رمیش شامل ہیں۔ اسپورٹس منسٹری نے ایک بیان میں بتایا کہ اولمپک گیمز میں تمغوں کے حصول میں بہتری کو ملحوظ رکھ کر حکمت عملی بنائی جائے گی۔