ملبورن۔ 23؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ کوئنس لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ اسٹیورٹ لا نے کہا ہے کہ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم میں باکسنگ ڈے ٹسٹ کے لئے شامل کئے گئے نوجوان بیٹسمین جیو برنس کو ابتدائی تین مقابلوں پر کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہندوستان کے خلاف تیسرے ٹسٹ کے لئے حیران کن طور پر نوجوان بیٹسمین جیو کو زخمی آل راؤنڈر میچل مارش کے مقام پر شامل کیا گیا ہے اور ان کے کوچ لا نے کہا کہ 25 سالہ بیٹسمین آسٹریلیا کے لئے 441 ویں ٹسٹ کھلاڑی ہوں گے۔ لا نے کہا کہ جیو دباؤ کے لمحات میں کافی بہترین بیٹنگ کرتے ہیں
اور ان کی اسی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کے لئے میں نے ان پر کئی مواقع ایسے فراہم کئے جہاں انھیں اعصاب شکن اور دباؤ کے لمحات میں رنز بنانے تھے۔ لا نے مزید کہا کہ موجودہ دور کی کرکٹ کا یہی حُسن ہے کہ کھلاڑیوں کو دباؤ کے لمحات میں بہتر مظاہرہ کرنا پڑتا ہے اور گزشتہ بارہ ماہ کے دوران جیو نے کئی ایسے مظاہرے کئے ہیں جس میں انھوں نے دباؤ کے لمحات میں رنز بنائے ہیں۔ آسٹریلیائی ٹیم میں شامل کئے جانے کے کچھ دیر بعد ہی سڈنی تھنڈرس کے خلاف مقابلہ کے دوران جیو کو ڈیرک نیننس کی گیند پسلیوں پر لگی، تاہم انھوں نے اس مقابلہ میں 23 گیندوں میں 28 رنز اسکور کئے اور کسی بھی زخم کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔