کوپا امریکا فٹبال: پیرو کو ہرا کر چلی فائنل میں داخل

سانتیاگو ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) وارگاس کے دلکش گول نے چلی کو کوپا امریکا فٹبال کے فائنل میں پہنچادیا۔ بیشتر وقت دس کھلاڑیوں سے کھیلنے والی ٹیم پیرو کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاںایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میزبان چلی اور پیرو نے کھیلا۔ کھیل کے 20 ویں منٹ میں پیرو کے ڈیفینڈر نے فاؤل کیا۔ ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر اسے میدان بدر کردیا۔ پھر پہلے ہاف کے آخری لمحات میں میزبان ٹیم نے حملہ کیا اور برتری حاصل کر لی۔ 60 ویں منٹ میں پیرو کی جانب سے حملہ ہوا اور سیلف گول سے مقابلہ برابر ہو گیا۔ چلی کی جانب سے ایک بار پھر اچھی کوشش ہوئی لیکن وارگاس نے پنالٹی باکس کے باہر سے ہی زوردار کک لگائی اور گیند کو گول میں اور چلی کو فائنل میں پہنچادیا۔ چلی کی ٹیم آج تک کوپا امریکا ٹائٹل جیت نہیں سکی ہے۔