کوٹھی میں لاوارث سوٹ کیس سے سنسنی

ایک مشتبہ شخص زیرحراست‘ پوچھ گچھ جاری
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے مصروف علاقہ کوٹھی میں واقع گوکل چاٹ بھنڈار کے قریب لاوارث سوٹ کیس کی دستیابی سے سنسنی پھیل گئی ۔ سلطان بازار پولیس نے مقامی عوام کی جانب سے سوٹ کیس کی موجودگی کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سٹی پولیس کے بم ڈسپوزل ٹیم اور ڈاگ اسکواڈ کو طلب کرلیا۔ انسپکٹر سلطان بازار مسٹر جی سرینواس نے بتایا کوٹھی علاقہ میں دستیاب سوٹ کیس کا ڈاگ اسکواڈ نے تفصیلی معائنہ کیا اور بعدازاں مذکورہ سوٹ کیس میں چند کاغذات ہونے کی توثیق کی۔ قبل ازیں سوٹ کیس کو بڑی احتیاطی کے ساتھ مقامی پارک میں کھولا گیا اور کچھ دیر کیلئے ٹریفک کا بہاو متاثر ہوگیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ گوکل چاٹ کے قریب ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لئے جانے کی اطلاع ہے اور اس کی تفتیش کی جارہی ہے واضح رہے کہ 25 اگست سال 2007 میں گوکل چاٹ بھنڈار میں زبردست دھماکہ ہوا تھا جس میں کئی افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس واقعہ کے پیش نظر پولیس نے سوٹ کیس کی دستیابی پر فوری حرکت میں آکر کارروائی کی۔