حیدرآباد 3 مئی (این ایس ایس) کوٹھی کے میٹرنٹی ہاسپٹل میں آج اُس وقت زبردست کشیدگی پھیل گئی جب زچگی کے لئے پہونچنے والی ایک حاملہ خاتون محض بروقت علاج دستیاب نہ ہونے کے سبب فوت ہوگئی۔ ضلع رنگاریڈی کے منداپورم گاؤں سے تعلق رکھنے والی خاتون ممتا کو شدید درد زہ کے دوران زچگی خانہ میں شریک کیا گیا تھا۔ ڈیوٹی ڈاکٹروں کی عدم موجودگی میں نرسیس نے اس کا علاج کیا۔ لیکن ممتا کی حالت بگڑ گئی کیوں کہ اُس کا فی الفور آپریشن ضروری تھا۔ جس میں تاخیر کے سبب اُس کا بچہ پیدائش سے قبل ہی مادر رحم میں فوت ہوگیا۔ جس کے چند منٹ بعد ماں بھی فوت ہوگئی۔ ممتا کے ماں باپ نے اپنی بیٹی کی موت پر دُکھ اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگر بروقت آپریشن کیا جاتا تو ان کی بیٹی زندہ رہتی تھی۔ ورثاء کے احتجاج کے بعد پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔