شہر میں نقلی اشیاء کی فروخت ایک بڑا ذخیرہ بے نقاب
حیدرآباد /3 جون ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد مارکیٹنگ خرید و فروخت کے تعلق سے ملک بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے ۔ لیکن اب شہر کو بھی بدنام کرنے اور یہاں کی مارکٹ کو تباہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔ جہاں نقلی اشیاء کی فروخت اصل نام اور قیمت پر نقلی اشیاء کا بازار گرم ہوچکا ہے اور آئے دن کئی ایک واقعات پیش آرہے ہیں جس سے عوام کا بھروسہ ختم ہوتا نظر آرہا ہے ۔ پولیس کی ایک کارروائی کے دوران نقلی اشیاء کے ایک بڑے ذخیرہ کو بے نقاب کیا گیا ۔ جس کا کاروبار کوٹھی کے مصروف علاقہ گجراتی گلی میں جاری تھا ۔ سنٹرل کرائم اسٹیشن سے وابستہ اینٹی نارکوٹیک سیل نے اس علاقہ میں دھاوا کیا اور بڑے پیمانے پر نقلی ساز و سامان کو ضبط کرلیا جو بین الاقوامی کمپنی کے نام سے عوام کو بے وقوف بناتے ہوئے فروخت کیا جارہا تھا ۔ گجراتی گلی میں پولیس نے اپنی کارروائی کے دوران تقریباً 4 دوکانات پر دھاوا کیا اور سیمسنگ کمپنی کے موبائیل اسیسیریز کو ضبط کرلیا جن میں موبائیل سیل فون کے فیلپ کیس موجود تھے ۔ یہ سامان جو حقیقت میں نقلی ہے ۔ اصل لیبل کے ساتھ بازار میں سرگرمی کے ساتھ فروخت کیا جارہا ہے ۔ اصل و بین الاقوامی برانڈ کے نام پر نقلی اشیاء فروخت کرنے والے افراد کا حیدرآباد میں ایک بڑانیٹ ورک ہونے کے شبہات بھی پائے جاتے ہیں ۔
جو ملک کے بڑے شہروں دہلی ، ممبئی اور بنگلور سے راست طور پر ان نقلی اشیاء کو کم قیمت پر حاصل کرتے ہیں اور اصل اشیاء کی قیمت پر بازار میں فروخت کرتے ہیں اور سارا نقلی سامان دوسرے ملک سے برآمد کیا جاتا ہے ۔ سنٹرل کرائم اسٹیشن کی ٹیم نے ایک دوکان سے 1400 دوسری سے 1600 ایک اور سے 1500 اور ایک دوکان سے بڑی مقدار میں 3600 سیل فون فلیپ کیس ضبط کرلئے اور چار افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جن میں 22 سالہ ارجن کمار پروجیت 24 سالہ دنیش کمار 28 سالہ کیلاش چودھری اور 35 سالہ نرپیت لال شامل ہیں ۔ اس خصوص میں انسپکٹر اینٹی نارکوٹک سیل سی سی ایس مسٹر وجئے سنگھ نے بتایا کہ پولیس نے ایک شکایت پر تحقیقات کی اور گجراتی گلی پر دھاوا کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح کی مزید کارروائیاں کی جائیں گی اور نقلی سامان کو مارکٹ سے ختم کیا جائے گا ۔ تاہم انہوں نے عوام سے ہوشیار رہنے کی درخواست کی ۔ انسپکٹر نے بتایا کہ ممبئی ، بنگلور اور دہلی جیسے بڑے شہروں سے ان نقلی اشیاء کو لایا جارہا تھا اور پولیس اس نٹ ورک کا پتہ چلانے میں مصروف ہے ۔