کوٹگیر میں اوقافی جائیدادوں پر غیر مجاز قبضوںکا سلسلہ جاری

کوٹگیر۔/22 اپریل ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوٹگیر میں اوقافی جائیدادوں پر غیر مجاز قبضوں کا سلسلہ جاری ہے۔ منشائے وقف سے نابلد افراد یا غیر مسلم ہی اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضے کرتے تھے لیکن اب حالات بدلتے جارہے ہیں بعض افراد جان بوجھ کر وقف اراضیات پر قبضہ کررہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں بس اسٹانڈ کوٹگیر کے قریب واقع عاشور خانہ کی اراضی پر بعض افراد قبضہ کرتے ہوئے مکان تعمیر کررہے ہیں۔ اس ضمن میں اردو روز ناموں کے ذریعہ ضلع وقف کمیٹی کو اس ناجائز قبضہ کے تعلق سے واقف کروایا گیا اور راست فون پر ضلع وقف کمیٹی کے صدر کو اطلاع دی گئی۔ ضلع صدر وقف کمیٹی نے بتایا کہ وہ اس طرح کی شکایتوں کا جائزہ لینے جب کوٹگیر منڈل کا دورہ کیا وہاں مقامی افراد کی طرف سے کسی قسم کا انہیں تعاون حاصل نہیں ہوا۔ ضلع صدر نے بتایا کہ وقف اراضیات پر سے ناجائز قبضوں کو برخواست کرنے مقامی افراد کے تعاون کے بغیر قانونی کارروائی ناممکن ہے۔ صرف دو ایک افراد کی شکایت سے مسئلہ کا حل ممکن نہیں۔

حملہ میں زخمی زیر علاج خاتون فوت
کوٹگیر۔/22 اپریل ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورنی منڈل کے موضع ردرور میں گزشتہ 16اپریل کو ساوتری نامی 42سالہ خاتون کو جادوگر ہونے کے شبہ میں اس کی بری طرح سے پٹائی کی گئی تھی وہ گزشتہ ایک ہفتہ سے گاندھی ہاسپٹل حیدرآباد میں زیر علاج تھی جو گزشتہ روز دواخانہ میں علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ پولیس کے بموجب متوفی ساوتری نیم پاگل تھی اس کا تعلق کوٹگیر منڈل کے موضع کولور سے تھا۔