نئی دہلی ۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف رواں سیریز میں وکٹیں موضوع بحث بنی ہوئی ہیں لیکن جنوبی افریقی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اینڈریان بیرل نے اُمید ظاہر کی کہ دہلی میں کھیلے جانے والے سیریز کے چوتھے مقابلے کے لئے تیار کی جانے والی کوٹلہ کی وکٹ تین دن سے زیادہ مقابلے کیلئے بہتر رہے گی ۔ جنوبی افریقہ کو رواں سیریز میں پہلے ہی 0-2 کی شکست ہوچکی ہے ۔ پہلا اور تیسرا مقابلہ تین دن میں ہی ختم ہوگیا تھا جبکہ دوسرا مقابلہ بارش کی نذر رہا۔ آج یہاں نٹ پریکٹس کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے اینڈریان نے کہاکہ ہم نے وکٹ کا مشاہدہ کیا ہے اور اُمید کی جاسکتی ہے کہ اس وکٹ پر ٹسٹ مقابلہ تین دن سے آگے بڑھے گا ۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے جو کچھ یہاں دیکھا ،اُس سے ہمیں کسی قدر خوشی ہوئی ہے کیونکہ یہ وکٹ ابتدائی مقابلوں کے لئے استعمال کی جانے والی وکٹ سے کسی قدر بہتر دکھائی دے رہی ہے ۔