بودھن میں رکن اسمبلی شکیل عامر کی صحافیوں سے بات چیت
بودھن /25 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن اسمبلی بودھن جناب محمد شکیل عامر گذشتہ شام اچانک دفتر بلدیہ پہونچے اور فوری طور پر دستیاب ارکان بلدیہ و فلور لیڈرس ، صدرنشین بلدیہ اور کمشنر بلدیہ کے ساتھ اجلاس میں تقریباً ایک گھنٹہ تبادلہ خیال کیا ۔ بعد ازاں دفتر کے باہر ایم ایل اے کی آمد کے منتظر صحافیوں سے شکیل عامر نے کہا کہ بعض ارکان بلدیہ اور عہدیداروں کے درمیان تال میل کی کمی کے باعث تناؤ پیدا ہوگیا تھا ۔ جس کے باعث صدرنشین بلدیہ مسٹر ایلیا کو بعض اہم فیصلے لینے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔ جناب شکیل عامر نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنی فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہر میں ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کروڑہا روپئے فنڈس کی اجرائی کیلئے تیار ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست تلنگانہ کو سنہرا تلنگانہ میں تبدیل کرنے کے عزائم رکھتے ہیں ۔ ان حالات میں ارکان بلدیہ و سرکاری عہدیدار ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہوئے شہریان بودھن کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے تجاویز تیار کرکے معزز چیف منسٹر کو روانہ کریں ایم ایل اے نے کہا کہ ارکان بلدیہ بودھن نے بلا سیاسی وابستگی شہر بودھن کی عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے رکن اسمبلی سے تعاون کرنے کا تیقن دیا ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیرمین بلدیہ ایلیا وائس چیرمین قدیر خان فلور لیڈر بی جے پی راما راجو ارکان بلدیہ سید رفیع الدین فلور لیڈر ٹی آر ایس اعجاز خان کمشنر دیویندر رکن بلدیہ میر نظیر علی ڈبو اطہر احمد ، راشد ، دھرم پوری ، روپ سنگھ ، سید اشفاق علی و دیگر ارکان بلدیہ و قائدین موجود تھے ۔