کولکتہ کو آج طاقتور بنگلور کا سامنا

شارجہ ۔ 23 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جاریہ آئی پی ایل 7 میں ابھی تک ناقابل شکست رائل چیلنجرس بنگلور کی کوشش ہیٹ ٹرک کامیابیوں کی تکمیل ہوگی جب اُنھیں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کا کل یہاں سامنا ہوگا ۔ اسٹار کھلاڑیوں سے بھرپور بنگلور ٹیم نے اب تک اپنے دونوں مقابلے جیتے ہیں۔ یہ کامیابیاں دھماکو بیٹسمین کرس گیل کی غیرحاضری کے باوجود حاصل ہوئی ہیں ، جو پیٹھ کی تکلیف سے سنبھلنے کی کوشش کررہے ہیں اور توقع ہے کہ کل کے میچ کے لئے وہ فٹ ہوجائیں گے ۔ اُن کے غیاب میں یوراج سنگھ ، پارتھیو پٹیل اور جنوبی افریقی اے بی ڈی ویلیرس جیسے بیٹسمینوں نے کافی عمدہ مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی تک پہونچایا ۔

کپتان ویراٹ کوہلی کیلئے یہی چیلنج درپیش رہے گا کہ وہ اپنے اچھے مظاہروں کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار خطاب ضرور حاصل کریں۔ دوسری طرف کولکتہ کی ٹیم اگرچہ معقول کھلاڑیوں پر مشتمل ہے لیکن مظاہرے کے اعتبار سے گوتم گمبھیرکی ٹیم تمام توقعات پر پوری نہیں اُتری ہے ۔ جنوبی افریقی لیجنڈ ژاک کیلس پر ٹیم کافی انحصار کرتی ہے جو تمام دیگر کھلاڑیوں کو کم سے کم کرنے کی جستجو اختیار کرنا ہوگا ۔ اس ٹیم میں یوسف پٹھان جیسے آل راؤنڈر بھی ہیں جو صلاحیتیں بہت رکھتے ہیں لیکن عملی اعتبار سے مظاہرہ اُتنا نہیں ہوتا ۔ اگر دونوں ٹیمیں اپنی اپنی حقیقی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں تو کل کا میچ جاندار رہے گا ۔