کولکتہ پولیس کمشنر دنیا کے ایک بہترین افسر: ممتا بنرجی

کولکتہ۔/3 فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کولکتہ پولیس کمشنر راجیو کمار کی تائید کی ہے اور انہیں ایک بہترین پولیس افسر قرار دیا۔جنہیں روز ویلی اور سارادھا اسکم اسکامس کے ضمن میں سی بی آئی کی طرف سے طلب کیا گیا ہے۔ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر سیاسی انتقام میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ زعفرانی جماعت پولیس اور تمام اداروں پر اپنا کنٹرول مسلط کرنے کیلئے اختیار ات کا بیجا استعمال کررہی ہے۔ بنرجی نے ٹوئیٹر پر کہا کہ ’’ بی جے پی قیادت کی اعلیٰ ترین سطحوں سے بدترین قسم کا سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔ نہ صرف سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے بلکہ تمام اداروں کی تباہی اور پولیس پر کنٹرول کے لئے اختیارات کا غلط استعمال کیا جارہا ہے۔ سنٹرل بیورو آف انوسٹگیشن ( سی بی آئی ) نے ہفتہ کو دعویٰ کیا تھا کہ راجیو کمار’’ مفرور ‘‘ ہیں۔ سارادھا اور روز ویلی اسکامس کے ضمن میں انہیں تلاش کیا جائے گا۔ بنرجی نے کہا کہ راجیو کمار دنیا کے بہترین پولیس افسران میں سے ایک ہیں جن کی دیانتداری ، جرأتمندی ، بہادری اور شخصی سالمیت و یکجہتی پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جاسکتا۔