کولکتہ نائیٹ رائیڈرس 7 وکٹس سے کامیاب

کولکتہ ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے آج اپنے ٹائٹل کے دفاع کا مؤثر انداز میں آغاز کرتے ہوئے آئی پی ایل 8 ٹی ٹوئنٹی کے افتتاحی میچ میں ممبئی انڈینس کو 7 وکٹ سے ہرا دیا۔ کامیابی کیلئے 169 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے کپتان گوتم گمبھیر نے 43 گیندوں میں 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔ ان کے علاوہ سوریہ کمار نے 20 گیندوں میں تیز رفتار 40 رنز بنائے اور ٹیم نے 18.3 اوورس میں کامیابی کا نشانہ پورا کرلیا۔ گمبھیر اور منیش پانڈے (40) نے دوسری وکٹ کی رفاقت میں 85 رنز جوڑتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کی راہ ہموار کی۔ قبل ازیں ممبئی انڈینس نے 20 اوورس میں 168/3 رنز بنائے۔ روہت شرما نے 65 گیندوںمیں 98 رنز بناتے ہوئے پھر ایک بار ثابت کردیا کہ ایڈن گارڈن ان کا پسندیدہ گراونڈ ہے۔ انہوں نے اومیش یادو کو نشانہ بنایا اور 12 باونڈریز کے منجملہ 6 ان کی گیندوں پر لگائے۔ ٹیم نے ابتدائی دو وکٹس صرف 3 گیندوں میں کھو دیئے اور ایک مرحلہ پر اسکور 37/3 تھا لیکن روہت شرما نے باری کو سنبھالا۔ انہوں نے اسی گراونڈ پر گذشتہ سال نومبر میں ونڈے میچ میں 264 رنز بناتے ہوئے ریکارڈ قائم کیا تھا۔ مورین مرکل (4/18) کو میان آف دی میچ قرار دیا۔