کولکتہ آج پرعزم کنگس الیون پنجاب کے چیلنج کیلئے تیار

کولکتہ ۔ 3 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ نائیٹ رائیڈرس اپنے گھریلو میدان ایڈن گارڈنس کے برتاؤ سے بخوبی واقف ہے لیکن اس کے باوجود کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلہ میں وہ بہتر مظاہروں کا اشارہ دے چکی کنگس الیون پنجاب کے چیلنج سے بخوبی واقف ہے۔ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران دو مرتبہ کی چمپین کے کے آر نے بیرون ریاست میں کھیلے جانے والے 7 مقابلوں میں 6 مقابلے کھیل چکی ہے جس میں سے 4 فتوحات حاصل ہوئی ہیں، جس کے بعد اب وہ اپنے گھریلو میدان میں واپس آچکی ہے۔ دریں اثناء گزشتہ رات بنگلور کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابی سے کے کے آر کے حوصلے بلند ہیں۔ جیسا کہ اس کامیابی کے اصل معمار یوسف پٹھان اور اینڈری رسل ہیں، جنہوں نے 44 گیندوں میں 96 رنز کی اہم پارٹنرشپ نبھائی جس میں رسل نے جہاں 24 گیندوں میں 39 رنز بنائے، وہیں یوسف پٹھان نے سیزن کی اپنی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 29 گیندوں میں ناقابل تسخیر 60 اسکور کئے ۔ مذکورہ بیٹسمینوں نے اپنی ٹیم کے اہم بولروں سنیل نارائن اور اومیش یادو کی جانب سے 8 اوور میں 101 رنز دیئے جانے کے نقصان کی پابجائی کردی۔

اس کامیابی کے باوجود کولکتہ تن آسانی کا مظاہرہ نہیں کرسکتی کیونکہ اگلے مقابلہ میں اس کی حریف کنگس الیون پنجاب نے اپنے گزشتہ مقابلہ میں ٹورنمنٹ کی سرفہرست ٹیم گجرات لائینس کے خلاف غیر متوقع 23 رنز کی کامیابی حاصل کی۔ پنجاب جو ڈیوڈ ملر کی قیادت میں مایوس کن مظاہرے کر رہی تھی جس کا سلسلہ ختم کرنے کیلئے انتظامیہ نے ہندوستانی اوپنر مرلی وجئے کو قیادت سونپی جس کے فوراً بعد ہی پنجاب نے سرفہرست ٹیم گجرات کے خلاف کامیابی کا مزہ چکا ہے۔ گجرات کے خلاف 156 رنز کے دفاع میں پنجاب نے اپنی حریف ٹیم کو 57/6 تک محدود کردیا تھا جس میں اکشر پٹیل نے 5 گیندوں میں 4 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے تباہی مچائی تھی۔ اکشر پٹیل نے سیزن کی پہلی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔ گجرات کے خلاف ہیٹ ٹرک سے اکشر پٹیل کے حوصلے بلند ہیں اور دوسری جانب بنگلور کے خلاف برق رفتار 60 رنز بنانے والے یوسف پٹھان کے عزائم بھی بلند ہیں، لہذا کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں ’’پٹھان بمقابلہ پٹیل‘‘ دلچسپ ٹکراؤ متوقع ہے ۔ علاوہ ازیں شان مارش کے زخمی ہوکر آئی پی ایل سے باہر ہونے کے بعد نئے کپتان مرلی وجئے پر بہتر مظاہرہ کیلئے مزید دباؤ بڑھ چکا ہے کیونکہ ٹیم کے اہم کھلاڑی میکسویل مسلسل ناکام ہیں۔