کولکتہ اور بنگلور ایک دوسرے پر سبقت کیلئے کوشاں

بنگلور ۔یکم مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل کے ایک کرکٹ میچ میں کل یہاں دفاعی چمپین کولکتہ نائیٹ رائیڈرس ( کے کے آر ) اور رائیل چینلجرس بنگلور ( آر سی بی ) کے درمیان مقابلہ ہوگا ۔ چینائی سوپر کنگس کے خلاف آسان کامیابی حاصل کرنے کے بعد بلند حوصلوں کے ساتھ دوبارہ ابھرتی ہوئی ٹیم آر سی بی کے خلاف اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتی ہے ۔ کے کے آر کل رات کی کامیابی کے بعد پوائنٹس کے ٹیبل پر تیسرا مقام حاصل کرچکی ہے ۔ یہ ٹیم اب تک سات میچ کھیلتے ہوئے چار کامیابی حاصل کی ہے ۔ دو میچوں میں شکست ہوئی اور ایک میچ کسی فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا ۔ تین میچوں میں شکست اور تین میں کامیابی کے ساتھ آر سی بی چوتھے مقام پر ہے ۔ تاہم کے کے آر کو سی ایس کے کیخلاف آخری اوور میں کامیابی سے ایک نئی طاقت حاصل ہوگئی ہے اور اب وہ دوبارہ ابھرنے والی ٹیم آر سی بی سے مقابلہ کیلئے تیار ہوچکی ہے ۔ راجستھان رائلز کے خلاف ایک مقابلہ میں کوہلی اور ویسٹ انڈیز کے طوفانی بیٹسمین کرس گیل کی ناکامی کے باوجود آرسی بی 200 رن کا بھاری اسکور بنائی تھی ۔ کے کے آر کے کپتان گوتم گمبھیر نے اپنی ٹیم کو کامیابی کے راستہ پر دوبارہ واپس لانے کیلئے رابن اتھپا اور آندرے رسل کی طرف سے کی گئی بیٹنگ کی ستائش کی ہے ۔ اتھپا نے 56 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 80 رن بنایا تھا اور چوتھے وکٹ کیلئے رسل کے ساتھ ذمہ دارانہ رفاقت نبھائی تھی جس کے نتیجہ میں رسل نے کم وقت میں 55 رن بنایا تھا لیکن بشمول گمبھیر اور یوسف پٹھان دوسرے بیٹسمین کا کھیل زیادہ بہتر نہیں رہا اور بولنگ بھی قدرے ناقص تھی لیکن آسٹریلین بولر براڈ ہوگ نے سی ایس کے کیخلاف چند اہم وکٹس حاصل کئے ۔ آر سی بی نے اگرچہ رواں سیریز میں ناقص شروعات کی تھی لیکن احمدآباد میں راجستھان اور دہلی میں ڈیرڈیولس کیخلاف لگاتار دو کامیابیوں کے ساتھ مستحکم ہوئی ہے ۔