کولکتہ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کے رواں سیزن کے ناک آؤٹ مرحلے پلے آف میں رسائی سے محض ایک کامیابی دُور میزبان کولکتہ نائیٹ رائیڈرس ٹیم کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں رائل چیلنجرس بنگلور کو شکست دینے کی خواہاں ہے تاکہ اس کامیابی کے ذریعہ وہ پلے آف میں رسائی حاصل کرسکے۔ دوسری جانب ایڈن گارڈن میں کھیلے جانے والے اس مقابلے میں ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم میزبان کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے پلے آف میں اپنی رسائی کے انتہائی کم امکانات کو برقرار رکھنے کے لئے کوشاں ہوگی۔ 2012ء کے سیزن میں متواتر 6 فتوحات حاصل کرتے ہوئے گوتم گمبھیر کی زیرقیادت کولکتہ نائیٹ رائیڈرس نے ایک ریکارڈ قائم کیا تھا اور اب وہ اس ریکارڈ کو مساوی کرنے سے محض ایک کامیابی پیچھے ہے۔ کولکتہ کی کامیابی میں کپتان گوتم گمبھیر کے ہمراہ ان کے ساتھی اوپنر رابن اتھپا بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے اہم رول ادا کررہے ہیں جیسا کہ گزشتہ روز چینائی کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں اتھپا میں 39 گیندوں میں 67 رنز اسکور کئے جوکہ رواں سیزن میں ان کی چوتھی نصف سنچری ہے، نیز شکیب الحسن نے 21 گیندوں میں 46 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلتے ہوئے چینائی کے خلاف کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کو کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ صرف 18 اوورس میں حاصل کرنے کو یقینی بنایا تھا، نیز یوسف پٹھان نے بھی حیدرآباد کے خلاف شاندار اننگز کھیلتے ہوئے فام میں واپسی کا اعلان کیا ہے جوکہ کے کے آر خیمہ کے لئے خوش آئند ہے۔