کولکاتہ اور ممبئی کے درمیان آج دلچسپ ٹکراؤ متوقع

پولارڈ اور یوسف توجہ کا مرکز ، کپتانوں کی اننگز بھی اہم

ممبئی ۔ 27 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیر لیگ کے رواں سیزن میں ٹیموں کے جدول پر پہلے مقام پر فائز کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس اور دفاعی چمپیئن ممبئی انڈینس کے درمیان کل یہاں وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا مقابلہ ایک دلچسپ ٹکراؤ ہوسکتا ہے ۔ دونوں ہی ٹیمیں طاقتور ہونے کے علاوہ گزشتہ چار سیزن میں یکے بعد دیگرے خطابات حاصل کئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 13اپریل کو ایڈن گارڈنس میں پہلا مقابلہ ہوا تھا جس میں روہت شرما نے 54 گیندوں میں ناقابل تسخیر 84 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ممبئی کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ دوسری جانب کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کیلئے بھی بائیں ہاتھ کے اوپنر اور کپتان گوتم گمبھیر کے مظاہرے بھی انتہائی شاندار ہیں جیسا کہ انھوں نے پانچ مقابلوں میں 237 رنز اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم رول ادا کیا ہے۔ دونوں ہی ٹیموں کیلئے جہاں کپتانوں نے بہتر مظاہروں کے ذریعہ فتوحات میں اہم رول ادا کیا ہے وہیں دونوں ٹیموں نے اپنے کپتانوں کے جلد آؤٹ ہونے کی وجہ سے نقصانات بھی اُٹھائے ہیں۔ رائیزنگ پونے کے خلاف کولکاتہ کا مقابلہ دلچسپ رہا تھا جہاں گمبھیر کے آؤٹ ہونے کے باوجود ممبئی کے رانجی بیٹسمین سوریا کمار یادو نے 49 گیندوں میں 60 رنز اسکور کئے تھے اور ناقص مظاہروں کی وجہ سے تنقیدوں کی زد میں رہنے والے یوسف پٹھان نے بھی 36 رنز کی اہم اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلوائی تھی ۔ کولکاتہ کیلئے کپتان گمبھیر کے ہمراہ دوسرے اوپنر رابن اُتھپا کی تیز رفتار بیٹنگ بھی اہمیت کی حامل ہوگی لیکن اس سے کہیں زیادہ اہم اور توجہ کا مرکز یوسف پٹھان ہوسکتے ہیں جن پر گمبھیر مسلسل اعتماد کا اظہار کرتے آرہے ہیں۔ دوسری جانب ممبئی انڈینس کیلئے رواں سیزن میں نتائج ملے جلے رہے کیونکہ ایک کامیابی کے بعد ٹیم اُس کے سلسلے کو برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوپارہی ہے ۔

پیر کو کنگس الیون پنجاب کے خلاف موہالی میں کھیلے گئے مقابلے میں ممبئی انڈینس نے 25 رنز کی کامیابی حاصل کی ہے لیکن اپنے گھریلو میدان میں کولکاتہ کو شکست دینے کیلئے اسے ایک غیرمعمولی مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ پنجاب کے خلاف ممبئی نے 189 رنز اسکور کئے حالانکہ اس کے کپتان صرف 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے لیکن پارتھیو پٹیل نے 81 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے نہ صرف ٹیم کو ایک اہم اسکور تک پہونچایا بلکہ کپتان کو راحت بھی دی ہے ۔ کیونکہ اس مظاہرے کے ذریعہ روہت شرما یہ اطمینان تو کرپائیں گے کہ دوسرے سرے سے بھی رنز بن پائیں گے ۔ ممبئی انڈینس کا زیادہ تر انحصار کپتان روہت شرما کے علاوہ تاحال ٹورنمنٹ میں 217رنز اسکور کرچکے امباٹی رائیڈو پر بھی ہے جبکہ میڈل آرڈر میں کیرن پولارڈ اور جوز بٹلر چند ایک اننگز کے علاوہ کوئی قابل ستائش مظاہرہ نہیں کیا ہے ۔ بولنگ شعبہ میں نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر مچل اور ہندوستانی فاسٹ بولر جسپریت بومرہ نے بالترتیب 11 اور 8 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے زخمی لستھ ملنگا کی کمی کو پورا کردیا ہے ۔ ٹیم کے سینئر بولر ہربھجن سنگھ تاحال صرف تین وکٹ حاصل کرپائے ہیں اور کولکاتہ کے خلاف انھیں سخت چیلنج درپیش رہے گا ۔ ہربھجن سنگھ اور رابن اُتھپا کے درمیان ایک دلچسپ ٹکراؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے ۔ دوسری جانب اُمیش یادو نے پونے کے خلاف شاندار مظاہرہ کیا ہے اور وہ مہمان ٹیم کیلئے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں اہم بولر ثابت ہوسکتے ہیں۔ ممبئی انڈینس کیلئے حریف بولروں کی جوڑی اُمیش یادو اور مورنی مُرکل کا سامنا کرنا بڑا چیلنج ہوگا کیونکہ وانکھیڈے اسٹیڈیم کی وکٹ فاسٹ بولروں کیلئے سازگار مانی جارہی ہے ۔ نیز اگر وکٹ اسپنرس کیلئے سازگار رہی تو پیوش چاؤلہ اور شکیب الحسن کی جوڑی بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ۔