نئی دہلی۔ 21 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 ء کے مردوں اور خواتین کے ایونٹ کیلئے میچز کے مقامات کا اعلان کردیا ہے۔ایونٹ کا انعقاد آئندہ سال 11 مارچ سے ہندوستان میں ہو گا جبکہ فاتح کا فیصلہ 3 اپریل کو کولکاتا کے ایڈن گارڈنز میں ہوگا۔ہندوستانی بورڈ کے بیان کے مطابق ایونٹ کے میچز کولکاتا کے علاوہ بنگلورو، چینائی، دھرم شالا، موہالی، ممبئی، ناگپور اور قومی دارالحکومت نئی دہلی میں کھیلے جائیں گے۔ ہندوستانی بورڈ نے ایونٹ کے انعقاد کیلئے بی سی سی آئی کے صدر جگموہن ڈالمیا کی سربراہی میں ایک آٹھ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے۔بی سی سی آئی کے اعزازی سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اس اہم ایونٹ کی میزبانی کرنے پر انتہائی فخر محسوس کر رہے ہیں، ہم نے جن مقامات کا اعلان کیا ہے وہ پہلے بھی کافی میچز کی میزبانی کر چکے ہیں۔اس اعلان کے ساتھ ہی ہم فوری طور پر اپنی تیاریوں کا آغاز کر رہے ہیں۔