کولم پلی میں سلسلہ اشرفیہ جلالیہ کے رومال کا افتتاح

نارائن پیٹ۔/6مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خانقاہ اشرفیہ قتالیہ کولم پلی میں سلسلہ اشرفیہ جلالیہ کولم پلی کے پانچ رنگوں پر مشتمل رومال کا افتتاح عمل میں آیا۔ تفصیلات کے بموجب خانقاہ اشرفیہ جلالیہ قتالیہ کولم پلی جو گزشتہ پانچ سو سال قبل سے دین کی اشاعت میں گرانقدر خدمات انجام دے رہا ہے بارگاہ حضرت مخدوم خواجہ سید شاہ احمد قتال حسینی اشرفیؒ کولم پلی کے سجادہ نشین حضرت سید شاہ احمد حسینی ؒ نے سو سال قبل کلمہ طیبہ کی تشریح کرتے ہوئے اس میں پانچ رنگوں کو پیلا، لال، کالا، ہرا، مانند آسمان شامل کیا اسی تشریح کی مناسبت سے سلسلہ اشرفیہ جلالیہ کولم پلی پرچم بنایا گیا۔ اس پرچم کو گزشتہ سال حیدرآباد میں منعقدہ قومی کنونشن میں سید شاہ جیلانی اشرف اشرفی الجیلانی کچھوچھہ شریف، مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد، مولانا سید شمیم الدین منعمی پٹنہ و دیگر علماء و مشائخین و دانشوروں کی موجودگی میں جاری کیا گیا تھا۔ اسی پرچم پر مبنی سلسلہ اشرفیہ جلالیہ کولم پلی کا خصوصی رومال بنایا گیا جس کا افتتاح سید شاہ نعمت اللہ قادری استاذ جامعہ نظامیہ حیدآباد نے کیا۔ خانقاہ اشرفیہ قتالیہ کولم پلی میں رسم رونمائی تقریب کی صدارت سید شاہ جلال حسینی اشرفی سجادہ نشین بارگاہ اشرفیہ قتالیہ نے کی، اس موقع پر سید احمد حسینی جانشین سجادہ کولم پلی، سید انعام اللہ قادری، سید یونس قادری، حافظ عبدالباری، حافظ حسین قادری، محمد فاروقی نظامی، محمد جلال الدین و دیگر علماء جامعہ نظامیہ موجود تھے۔