نئی دہلی ۔8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) اتراکھنڈ کے اوپنر کرن ویر کوشل وجے ہزارے ٹرافی کرکٹ ٹورنمنٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ 27 سالہ کوشل نے نادیاد میں پلے گروپ میچ میں سکم کے خلاف یہ کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے صرف 135 گیندوں پر 202 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کوشل نے اپنی ریکارڈ اننگز میں 18 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔ انہوں نے 35 گیندوں پر 50 رن ، 71 گیندوں پر سنچری ، 101 گیندوں پر 150 رن اور 132 گیندوں پر اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔ وہ اتراکھنڈ کی اننگز کے 47 ویں اوورس میں آوٹ ہوئے۔وجے ہزارے ٹرافی میں کسی بھی بیٹسمین کی جانب سے بنایا گیا یہ سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ اس سے پہلے اجنکیا رہانے نے 2007-08 میں پونے میں ممبئی کی جانب سے کھیلتے ہوئے مہاراشٹر کے خلاف 187 رنوں کی اننگز کھیلی تھی۔کوشل کی اس ریکارڈ اننگز کی بدولت اتراکھنڈ نے 50 اوورس میں دو وکٹ پر 366 رنوں کا ہمالیائی اسکور کھڑا کیا اور پھر سکم کو 50 اوورس میں چھ وکٹ پر 167 رن پر روک کر میچ کو 199 رنوں کے بڑے فرق سے جیت لیا۔