کورٹلہ میں محکمہ بلدیہ کی صفائی مہم

کورٹلہ۔/30ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر کورٹلہ کے محتلف محلے جات بھوانی نگر، حاجی پورہ اور نورباش کالونی میں صفائی ستھرائی کی خصوصی مہم کمشنر مجلس بلدیہ کورٹلہ شریمتی وانی ریڈی کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ اس موقع پر موریوں کو صاف کرکے بلیچنگ پاؤڈر کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ مکانوں میں موجود پانی کے کنڈیوں کو صاف کیا گیا۔ کمشنر مجلس بلدیہ کورٹلہ شریمتی وانی ریڈی نے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے پانی کو گرم کرکے اس کو ٹھنڈا کرنے کے بعد استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ 85فیصد بیماریاں آلودہ پانی استعمال کرنے سے آتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ مچھروں کی افزائش کی روک تھام کی تدابیر اختیار کریں۔ تمام برتنوں میں موجود پانی کو بہادیں۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ اپنے اطراف و اکناف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ کمشنر نے کہا کہ گھروں میں کچرا جمع کرکے نہ رکھیں بلکہ اس کی روز نکاسی کرتے رہیں۔ اس موقع پر سینیٹری انسپکٹر جناب راجیا، ہیلت سپر وائزر جناب دھنجیا کے علاوہ بلدی صفائی کا عملہ موجود تھا۔