کورٹلہ میں صفائی کے ناقص انتظامات سے وبائی امراض

کورٹلہ 11 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس بلدیہ کورٹلہ کے عہدیداروں کی لاپرواہی سے وبائی امراض ٹائیفائیڈ، ملیریا، ڈینگو بخار میں عوام مبتلا ہورہے ہیں۔ متعلقہ عہدیداروں کی عدم توجہ کے نتیجہ میں مرض وباء کی شکل اختیار کرتا جارہا ہے۔ جناب عبدالحفیظ تلگودیشم پارٹی قائد، جناب سردار سمیع اللہ امیر سابق صدر نظام یوتھ اسوسی ایشن، جناب محمد نعیم الدین امیر مقامی جماعت اسلامی کورٹلہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ محلہ جات، بلال پورہ، ڈاک بنگلہ، حیدر گوڑہ، بنڈہ پلی، نظام پورہ، عرفات پورہ، مومن پورہ اور رحیم پورہ میں مجلس بلدیہ کورٹلہ سے سربراہ کئے جانے والے پانی میں کچرا اور مٹی شامل ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ چار چار دن تک محلوں کی صفائی نہیں کی جارہی ہے۔ زہریلے بخار سے دن بہ دن ہونے والی اموات سے کورٹلہ کے عوام کافی پریشان ہیں۔ اُنھوں نے شہر کورٹلہ میں وبائی امراض کی روک تھام کے لئے متاثرہ محلہ جات کا دورہ کرتے ہوئے جراثیم کش دواؤں کا چھڑکاؤ کرنے، صاف ستھرا پانی سربراہ کرنے کی چیرمین مجلس بلدیہ کورٹلہ جناب شیلم وینو گوپال سے اپیل کی بصورت دیگر ضلع کلکٹر اور ڈی ایم اینڈ ایچ او آفس کے سامنے عوامی احتجاج کیا جائے گا۔ جناب عبدالحفیظ قائد تلگودیشم پارٹی نے چیرمین مجلس بلدیہ کورٹلہ سے تالاب کی صفائی، ندی کی صفائی کرنے اور آبادی میں پھرنے والے خنزیروں کو آبادی سے دور رکھنے کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ مچھروں کی روک تھام وقت کا اہم تقاضہ ہے۔