کورٹلہ۔/12اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کورٹلہ مجلس بلدیہ کے وارڈ نمبر 7محلہ باجی پورہ ، وارڈ نمبر 15 کے محلہ بنڈہ پلی میں بروز جمعہ مفت میڈیکل کیمپ منعقد کئے گئے۔ ان حلقوں میں عوام کی طبی جانچ کرتے ہوئے ان سے خون کے نمونے حاصل کئے گئے اور مریضوں میں ادویات تقسیم کئے گئے۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر ارچنا صدر نشین مجلس بلدیہ کورٹلہ جنا ب سیلم وینو، نائب چیرمین جناب محمد رفیع الدین ، وارڈ 7کونسلر جناب عبدالوہاب، وارڈ 15کے کونسلر محترمہ راضیہ سلطانہ ، ہیلت سوپر وائزر جناب مختار حسین، اے این ایم شریمتی بھارتی کویتا، رادھاآشا آنگن واڑی ورکرس نے حصہ لیا۔ مجلس بلدیہ کورٹلہ کے وارڈ 19 اور 9میں جمعہ کے روز خصوصی صفائی مہم پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پرکنڈیوں، پرانے ٹائرس، کولرس وغیرہ میں جمع شدہ پانی کی نکاسی کی گئی۔ موریوں کی صفائی کرتے ہوئے ان پر بلیچنگ پاؤڈر کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ اس تقریب میں چیرمین مجلس بلدیہ جناب سیلم وینو ، کمشنر وانی ریڈی، وارڈکونسلر چٹپالہ بھومیا۔ ریمپری ناگا بھوشنم، انچارج سنیٹری انسپکٹر جناب راجیا، مہیلا منڈلی کے خواتین ، یوتھ تنظیموں ، آنگن واڑی کے کارکنوں ، طلباء و طالبات کے علاوہ مجلس بلدیہ کورٹلہ کے ملازمین نے حصہ لیا۔ کورٹلہ ٹاؤن میں وبائی امراض کے دن بہ دن اضافہ کی روک تھام کے ضمن میں چیرمین مجلس بلدیہ کورٹلہ دفتر مجلس بلدیہ کورٹلہ میں مالکین خنزیر کا اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے خنزیروں کے مالکین سے کہا کہ خنزیروں کی وجہ سے کورٹلہ شہر میں بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ انہوں نے خنزیر مالکین سے کورٹلہ میں پھیل رہے امراض کی روک تھام کیلئے فوری خنزیروں کو شہر کورٹلہ سے باہر منتقل کرنے کی ہدایت دی۔