کورٹلہ میں سارقین کی ٹولی گرفتار

کورٹلہ 13 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کورٹلہ میں کئی مکانوں میں سلسلہ وار چوری کرنے والے دو افراد کو کورٹلہ پولیس نے بروز پیر گرفتار کرلیا۔ مقامی پولیس اسٹیشن میں سب انسپکٹر پولیس جناب روی کمار نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھیں تفصیلات سے واقف کروایا۔ نیلور ضلع کے پڈگو کوپا کو منڈل کوور گاؤں کے 15 سالہ نوجوان جو گزشتہ چند سال قبل اپنے ماں باپ کے ساتھ رام نگر کالونی میں قیام پذیر تھا، سرقہ کی کئی وارداتوں میں ملوث تھا۔ یہ نوجوان گھروں پر تالے دیکھ کر سرقے کی وارداتیں انجام دیا کرتا تھا۔ متیالہ واڑہ کے ایس گنگا موہن کے مکان کا تالہ توڑ کر 41 ہزار روپئے کی نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔ رام نگر کے بالاجی سرینواس کے مکان میں سرقہ کی نیت سے داخل ہوا لیکن وہاں اُسے کوئی چیز نہیں ملی۔ اس کے بعد اس نے بلال پورہ میں رہنے والے محمد جلیل کے مکان میں داخل ہوا۔ اور مکان میں موجود 25 ہزار روپئے مالیت کا لیاپ ٹاپ لے کر فرار ہوگیا۔ کورٹلہ پولیس نے اس نوجوان کو ایک دوکان پر لیاپ ٹاپ فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ اس طرح کورٹلہ ٹاؤن کے جواہر روڈ میں ورا لکشمی ضعیف خاتون جو اپنے مکان میں سو رہی تھی دو تولے سونے کی چین چھین لی۔ جناب روی کمار سب انسپکٹر پولیس کورٹلہ نے تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہاکہ پرشانت ملزم جو سرقہ کی کئی وارداتوں میں ملوث رہ چکا ہے، شکایت کنندگان کی شکایت پر کیس درج کرتے ہوئے پولیس ٹھوس اطلاع پاکر دو ملزموں کو حراست میں لیتے ہوئے ریمانڈ کے لئے بھیج دیا گیا۔