کورٹلہ۔ 12 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر ضلع کلکٹر ایم ویرا برہمیا نے چہارشنبہ کے دن مجلس بلدیہ کورٹلہ کا دورہ کرتے ہوئے پرچہ نامزدگی کے سنٹرس کا معائنہ کیا۔ ضلع کلکٹر کریم نگر نے صحافتی بیان میں کہا کہ ضلع کریم نگر میں جملہ 12 میونسپل اور 2 کارپوریشنس ہیں۔ 326 وارڈس میں جملہ ووٹرس کی تعداد 7 لاکھ 666 ووٹرس کیلئے 724 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ 13 مارچ تک کارپوریشن اور 14 تک میونسپل کونسلس کیلئے نامزدگیاں قبول کی جائیں گی۔ انتخابات کے پرامن ہونے کیلئے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ مجلس بلدیہ کورٹلہ کے 31 وارڈ کونسلرس کے انتخابات کے ضمن میں پرچہ نامزدگی کے ادخال کے تیسرے دن جملہ 95 افراد نے اپنے پرچہ نامزدگیاں داخل کیں۔ کانگریس، ٹی آر ایس، بی جے پی، ایم آئی ایم، کے امیدواروں نے اپنے حامیوں کے ہمراہ جلوس کی شکل میں مجلس بلدیہ کورٹلہ پہنچ کر اپنے فارمس ریٹرننگ آفیسر کے حوالے کئے۔ الیکشن آفیسر کورٹلہ وانی ریڈی نے کہا کہ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے تیسرے دن ٹی آر ایس سے 26 ، تلگو دیشم پارٹی 5، ایم آئی ایم 5 ، بی جے پی 13 ، سی پی آئی 1، آزاد امیدوار کی حیثیت سے 21 امیدواروں نے پرچہ نامزدگیاں داخل کیں۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے والوں میں قابل ذکر گررالہ پروین، رامیا، وجئے، محمد وہاب، صغریٰ بی، مظفر احمد سجو کی اہلیہ ، ملا مسعود کی اہلیہ، انور صدیقی ہیں۔
ونپرتی میں 60 پرچہ نامزدگیاں داخل
ونپرتی۔ 12 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میونسپل انتخابات کیلئے گزشتہ تین دنوں سے ونپرتی کے میونسپل دفتر کے احاطہ میں پرچہ نامزدگیاں وصول کرنے کیلئے کاؤنٹرس لگائے گئے ہیں۔ پہلے دن صرف ایک پرچہ نامزدگی وصول ہوا۔ دوسرے دن 6 پرچہ نامزدگیاں داخل ہوئے لیکن آج 53 پرچہ نامزدگیاں داخل ہوئے جس کی وجہ سے آج پرچہ نامزدگی وصول کرنے کے کاؤنٹرس بہت ہی زیادہ مصروف دیکھے گئے۔