ونپرتی۔/21 فبروری ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ونپرتی کے کوتہ کوٹہ قومی شاہراہ پر خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اس حادثے میں جملہ9 افراد ہلاک ہوئے اور دو افراد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ونپرتی سے تعلق رکھنے والے حیدرآباد میں محنت مزدوری کرتے ہوئے زندگی بسر کررہے تھے، ونپرتی ضلع کے آتما کور منڈل میں منعقدہ شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے صبح 6 بجے بذریعہ کار روانہ ہوئے۔ کوتہ کوٹہ کے کنٹما قومی شاہراہ پر دو کاروں کی ٹکر سے خوفناک حادثہ پیش آیا۔ جس سے مقام حادثہ پر ہی 7 افراد جاں بحق ہوئے اور 4 افراد شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو علاج کیلئے محبوب نگر کے ایس وی ایس ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ اس میں دوزیر علاج افراد فوت ہوگئے۔ حادثہ کی اطلاع ملت ہی اے ایس پی سریندر ریڈی، دیور کدہ ایم ایل اے آروینکٹشیور ریڈی اور پولیس عملے نے پہنچ کر زخمیوں کو محبوب نگر اور نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ونپرتی ڈسٹرکٹ ہاسپٹل منتقل کیا۔ ونپرتی ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں ہلاک ہونے والوں کے افراد خاندان کی کثیر تعداد پہنچنے سے اژدھام دیکھا گیا۔ شادی کے گھر میں صبح تک خوشیوں کا ماحول حادثہ سے غم کے ماحول میں تبدیل ہوگیا۔ پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔