موہالی ، 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سیمی فائنلس میں رسائی حاصل کرلینے کے بعد نہایت بلند حوصلہ کنگس الیون پنجاب کا یہی مقصد رہے گا کہ بس جیت کا سلسلہ جاری رہے جب وہ جنوبی افریقہ کے کیپ کوبراز سے اوپو چمپینس لیگ کے گروپ B میچ میں کل یہاں مسابقت کریں گے۔ اس سال کا آئی پی ایل جیتنے میں ناکام ہونے کے بعد جبکہ فائنلس میں وہ کولکاتا نائیٹ رائیڈرز سے ہارے، پنجاب صاف طور پر CLT20 ٹائٹل کیلئے بیقرار دکھائی دیتا ہے۔ گزشتہ روز پنجاب ٹیم نے جس کی ٹارگٹ کے تعاقب میں کامیاب ہونے کی ساکھ بن گئی ہے، کیوی ٹیم کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رنوں کا انبار کھڑا کیا اور پھر ریکارڈ فرق سے جیت درج کرائی۔ دوسری طرف کیپ کوبراز لگاتار دو مقابلے ہار جانے کے بعد یہاں بارباڈوز ٹرائیڈنٹس کے خلاف جیت درج کرائے جبکہ یہ میچ کا فیصلہ سوپر اوور کے ذریعہ طئے کیا گیا۔ کل کے میچ سے قبل ہوبارٹ ہریکینس نے کوبراز کو حیدرآباد میں چھ وکٹس سے ہرایا تھا۔
٭ موہالی میں کل دن کا دیگر میچ ہوبارٹ ہریکینس اور بارباڈوز ٹرائیڈنٹس کے درمیان مقرر ہے، اور اس گروپ B میچ میں ہوبارٹ ٹیم کو ابتدائی برتری حاصل رہے گی۔ تین میچوں سے دو کامیابیوں کے ساتھ آسٹریلیائی ٹیم بہتر حوصلے کے ساتھ آئی ہے۔ انھوں نے ناردرن نائٹس کو 178 کے ٹارگٹ پر محض 92 پر آل آؤٹ کرتے ہوئے زبردست جیت حاصل کی تھی۔ اس سے قبل ہوبارٹ نے کیپ کوبرازکو چھ وکٹس سے ہرایا تھا۔ اُن کی واحد ناکامی یہاں 10 روز قبل پنجاب کے مقابل ہوئی تھی۔