کوبانی کی گلیوں میں داعش داخل، لڑائی پھیل گئی

دمشق۔7 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) داعش کے عسکریت پسندوں کی طرف سے کوبانی کے مشرقی حصے میں اپنا پرچم لہرائے جانے کے بعد قصبے کے مغرب اور جنوب میں بھی داعش اور کرد جنگجوں کے درمیان لڑائی پھیل گئی ہے۔ شام کی صورتحال پر نظر رکھنے والی لندن میں قائم آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن کے مطابق داعش اور کرد جنگجووں کے درمیان کوبانی کی گلیوں میں لڑائی ہو رہی ہے۔ داعش اس کے باوجود کرد اکثریت کے اس سرحدی قصبے کی طرف پیش قدمی میں کامیاب رہی ہے کہ امریکہ اور اتحادیوں نے اس بری طرح نشانہ بنایا ہے۔ کوبانی جس کا عرب نام عین العرب ہے اس کے کردوں نے داعش کی پیشقدمی کا خطرہ محسوس کرتے ہوئے تین چار روز قبل ہی کوبانی کی گلیوں میں لڑائی کا فیصلہ کر لیا تھا۔ قصبے کے مشرقی حصے میں داعش کے جنگجو پیر کی شام داخل ہوئے تھے۔ لیکن اب ان کی موجودگی قصبے کے جنوب اور مغرب میں بھی پائی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے گلیوں میں لڑائی پھیل گئی ہے۔ داعش نے قصبے کے جنوبی حصے میں بھی متعدد عمارات پر قبضہ کر لیا ہے۔ ان عمارات میں قصبے کے مغرب میں ایک زیر تعمیر اسپتال بھی شامل ہے۔ امریکی اور اتحادی طیاروں نے قصبے کے جنوب مشرقی کنارے پر داعش کو نشانہ بنایا لیکن یہ فضائی کارروائیں زیادہ موثر ثابت نہیں ہوئی ہیں۔