کوارٹر فائنل مرحلے کیلئے امپائرز اور میچ ریفریز کا اعلان

دبئی، 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میچوں کیلئے امپائرز اور ریفریز کا اعلان کر دیا ہے۔ آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق ورلڈ کپ کا پہلا کوارٹر فائنل 18 مارچ کو سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا جس میں امپائر کے فرائض راڈ ٹکر اور نائجل لانگ انجام دیں گے جبکہ ڈیوڈ بون میچ ریفری ہوں گے۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 19 مارچ کو ملبورن میں دوسرے کوارٹر فائنل میں ایان گولڈ اور علیم ڈار فیلڈ امپائرز جبکہ روشن مہاناما میچ ریفری ہوں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 20 مارچ کو اڈیلیڈ میں منعقد شدنی تیسرے کوارٹر فائنل مقابلے میں کمار دھرما سینا اور ماریس ایرسمس فیلڈ امپائرز جبکہ رنجن مدوگلے میچ ریفری ہوں گے۔ اور 21 مارچ کو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ویلنگٹن میں چوتھے کوارٹر فائنل کیلئے رچرڈ کیٹلبرا اور بروس آکسفورڈ امپائرز جبکہ کرس براڈ میچ ریفری ہوں گے۔