کوئی خانگی کالج ایمسیٹ سنٹر نہیں بنے گا

حیدرآباد ۔ 30 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے انجینئرنگ اگریکلچر اینڈ میڈیکل انٹرنس ٹسٹ (ایمسیٹ) کے انعقاد کیلئے سنٹرس کی نشاندہی کا کام شروع کردیا ہے اور ٹی پاپی ریڈی صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائر ایجوکیشن نے کہاکہ ایمسیٹ امتحان کیلئے کوئی پرائیویٹ کالج کو سنٹر نہیں بنایا جائے گا۔ اس بیان سے حکومت کا سخت موقف ظاہر ہوتا ہے۔ پاپی ریڈی نے کہاکہ ہم چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے تیقن کے مطابق 15 مئی تک ایمسیٹ امتحان منعقد کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمسیٹ کے انعقاد کیلئے درکار 220 سنٹرس میں 75 سے زائد سرکاری ادارے ہیں۔ امدادی کالجس، مرکزی حکومت کے اداروں، یونیورسٹیز اور دوسرے متبادل مقامات کو مراکز امتحان بنایا جائے گا۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ امتحان کے انتظامی پہلو کی فکر کئے بغیر امتحان کی تیاری جاری رکھیں۔ کنوینر ایمسیٹ 2016ء این وی رمنا راؤ نے کہا کہ اگرچہ ایمسیٹ کے انعقاد میں تاخیر ہوئی ہے لیکن تیزی سے نتائج کا اعلان کیا جائے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ تاریخ میں تبدیلی سے طلبہ متاثر نہ ہوں۔