کولکتہ ۔ 24 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی پر تازہ تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہا کہ کوئی بھی سازش انہیں پیشرفت کرنے اور ریاست کو ترقی دینے سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف سازش کی جارہی ہے کہ انہیں (بی جے پی کو) ایسا کرنے دیجئے۔ میں انہیں بتادوں گی کہ کوئی بھی سازش ریاست میں میرے ترقیاتی کام کو روک نہیں سکتی۔ وہ شمالی 24 پرگنہ ضلع کے علاقہ بون گاؤں میں ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھی۔ ان کا اشارہ شاردا پونزی اسکیم اسکام کی سی بی آئی تحقیقات کی طرف تھا ، جس پر وہ برہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کنیا شری اسکیم ملک کی اولین اسکیم ہے جس کا مقصد لڑکیوں کو مدد فراہم کرنا اور کمسنی میں تعلیم حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔