کوئی بھی دھمکی کے ذریعہ پاکستان کو جھکا نہیں سکتا : باجوا

اسلام آباد ۔ 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوا نے آج کہا کہ کوئی بھی ان کے ملک کو دھمکیاں دیتے ہوئے جھکا نہیں سکتا۔ طاقت کا استعمال کرنے کی دھمکی دینے والے ممالک کو انہوں نے انتباہ دیا۔ فوج کے اعلیٰ کمانڈرس کے اجلاس میں انہوں نے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ ہند۔ پاک کشیدگی پر غوروخوض کیا۔ جنرل باجوا نے کمانڈرس کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی خطرہ کا سامنا کرنے کیلئے چوکس و چوکنا رہے۔ پاکستان ہمیشہ امن ، استحکام اور ترقی کا حامی رہا ہے لیکن کوئی بھی ہمارے ملک کو طاقت کا استعمال کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے جھکا نہیں سکتا۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 14 فبروری کو پلوامہ دہشت گرد حملہ کے بعد کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔ اس اجلاس میں پاکستانی کمانڈرس نے اپنے مضبوط عزم اور حوصلوں کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ کسی بھی ناعاقبت اندیشانہ کارروائیوں اور جارحیت کے خلاف اپنے ملک کی دفاع کرنے کیلئے چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے قومی حرکیاتی منصوبہ کی عمل آوری پر بھی تبادلہ خیال کیا۔