رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی ، 13ا فراد گرفتار
حیدرآباد۔/11مئی، ( سیاست نیوز) کوئلہ میں ملاوٹ کرنے والی دو خطرناک ٹولیوں کو اسپیشل آپریشن ٹیم رچہ کنڈہ نے بے نقاب کرتے ہوئے جملہ 13 افراد کو گرفتار کرلیا۔ یہ ٹولیاں کتہ گوڑم ۔ ایلندو، سنگارینی کالریز سے کوئلہ خرید کر اس میں کالا پتھر ملارہی تھیں اور اس کوئلہ کو مارکٹ میں بالخصوص اینٹ کی بھٹی والوں کو فروخت کررہی تھیں۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایس او ٹی نے چوٹ اپل اور ابراہیم پٹنم علاقوں میں دھاوا کیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 35 سالہ لکشمیا ساکن نادرگل، 45 سالہ اسلام ساکن سمستی پور، 45 سالہ قمرالحق،30سالہ سوما، 26 سالہ وینکٹیا، 32 سالہ سرگی راجو، 27 سالہ راجو،20 سالہ ستیش ریڈی، سریندر ریڈی، ملا ریڈی، اشوک کمار اور سائی کمار کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ راجو مفرور بتایا گیا ہے۔ ابراہیم پٹنم کے علاقہ منگل پلی میں دھاوا کرتے ہوئے ایس آئی ٹی نے 200 میٹرک ٹن جس کی مالیت گیارہ لاکھ روپئے بتائی گئی ہے کے علاوہ 7لاریاں، ایک ٹریکٹر اور جے سی بی کو ضبط کرلیا ، یہ لوگ سی گریڈ کوئلہ 4 ہزار روپئے میٹرک ٹن اور ایف گریڈ کوئلہ 2,300 روپئے فی میٹرک ٹن خرید رہے تھے اور اس میں کالا پتھر ملا کر 5 ہزار تا 5ہزار 8سو روپئے فی میٹرک ٹن فروخت کررہے تھے۔ چوٹ اپل کے علاقہ میں 18 ٹن فی لاری میں 4 ٹن کالا پتھر ملایا جاتا تھا۔ ملکا پورم اور چوٹ اپل کے مضافات میں جگہ حاصل کرتے ہوئے یہ کارروائی کی جارہی تھی۔ پولیس نے اس مقام سے 250 میٹرک ٹن جس کی مالیت 12 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے کے علاوہ ایک جے سی بی کو بھی ضبط کرلیا۔