نئی دہلی۔27 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی نے آج سنٹرل کالریز کمپنی لمیٹیڈ اور پرکاش انڈسٹریز کے خلاف 2006-09 کے درمیان کوئلہ بلاکس کے الاٹمنٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں دو تازہ مقدمات درج رجسٹر کرلئے ہیں۔ یہ کیس درج کرنے کے فوری بعد سی بی آئی نے مختلف مقامات پر تلاشی انجام دی جن میں ایف آئی آر میں درج ان کمپنیوں کے مقامات شامل ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی نے کہا کہ تلاشی کا کام دہلی ، ناگپور ، ممبئی اور چھتیس گڑھ میں کیا جارہا ہے ۔ مزید دو کیسوں کے رجسٹریشن کے ساتھ کوئلہ بلاکس کے الاٹمنٹ میں مبینہ بے ضابطگی کی تحقیقات کیلئے سی بی آئی کی جانب سے درج مقدمات کی تعداد 18 تک جاپہنچی ہے ۔ دریں اثناء دہلی کی ایک عدالت نے آج کوئلہ اسکام کیس میں نوبھارت پاور پرائیویٹ لمیٹیٖڈ اور اس کے دو ڈائرکٹرس کے خلاف سی بی آئی کی داخل کردہ چارج شیٹ پر غوروخوض کے لئے 2 مئی کی تاریخ مقرر کی ہے ۔