کوئلہ اسکام، سمن کے خلاف منموہن سنگھ کی سپریم کورٹ میں درخواست

نئی دہلی ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے 2005 ء کے دوران اڈیشہ میں واقع تلاباریا کوئلہ بلاک سے ادتیہ برلا گروپ کی کمپنی ہنڈالکو کو تخصیص کے مقدمہ میں انہیں ملزم کی حیثیت سے ایک خصوصی عدالت کی جانب سے سمن کی اجرائی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ ہنڈالکو کے چیرمین کمار منگلم برلا اور سابق معتمد کوئلہ پی سی پاریکھ نے بھی جنہیں اس مقدمہ میں ملزم کی حیثیت سے سمن جاری کیا گیا ہے، تحت کی عدالت کے حکم کے خلاف چیلنج کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ میں دائر کی ہے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے بحیثیت ملزم 8 اپریل کو حاضر ہونے کے لئے سی بی آئی کے خصوصی جج بھارت پراشر کے حکم کو کالعدم کرنے کی درخواست کی ہے اور یہ استدلال پیش کیا کہ اس مسئلہ پر غور کئے بغیر ہی یہ احکام جاری کئے گئے ہیں۔