کنی موزھی اور اے راجہ کیخلاف چارچ شیٹ

نئی دہلی 24 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )سابق وزیر ٹیلیکام اے راجہ ‘ ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ کنی موزھی اور 17 دوسروں کے خلاف آج ایک خصوصی عدالت میں 2G اسپیکٹرم الاٹمنٹ کیس میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے چارچ شیٹ پیش کی گئی ہے۔ چارج شیٹ میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ڈی ایم کے سربراہ کروناندھی کی شریک حیات دیالو امل اور سوان ٹیلیکام کے پروموٹر شاہد عثمان بلوا کے علاوہ ونود گوئنکا کا نام بھی شامل کیا ہے ۔ الزام ہے کہ سوان ٹیلیکام کے پروموٹرس کی جانب سے ڈی ایم کے پارٹی کے ٹی وی چینل کلائیگنار ٹی وی کو 200 کروڑ روپئے فراہم کئے گئے تھے۔

دوبارہ رائے دہی کا مطالبہ تشدد اختیار کرگیا
فیروزآباد۔/25اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) فیروز آباد لوک سبھا نشست کیلئے بی جے پی امیدوار ایس پی سنگھ باگھیل اور دیگر500افراد کے خلاف دھرنا دینے کے دوران سنگباری ، پولیس کی گاڑی کو نذر آتش کرنے اور دیگر شرپسند حرکتیں کرنے کے خلاف اُتر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی درج کی گئی ہے۔ یہ واقعہ کل رونما ہوا جب باگھیل اپنے حامیوں کے ساتھ حلقہ انتخاب میں دوبارہ رائے دہی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنے پر بیٹھے گئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کل رائے دہی کے دوران جسرانہ کے متعدد پولنگ بوتھس اور سماج وادی پارٹی کے ارکان اور عہدیداروں نے بے قاعدگیاں کیں جس سے واضح ہوجاتا ہے کہ وہاں بوگس ووٹنگ بھی ضرور ہوئی ہوگی۔ اس کے بعد وہاں موجود افراد اچانک تشدد پر اُتر آئے اور سنگباری کرنے لگے۔ یہاں تک کہ ایک پولیس ویان کو بھی نذرآتش کردیا گیا۔ بی جے پی کے ایک ورکر نے سرکل آفیسر ٹنڈلا کیہر سنگھ کی سرویس ریوالور بھی چھین لی۔ بی جے پی امیدواروں نے بعد ازاں الزام عائد کیا کہ پولیس کے ذریعہ کی گئی لاٹھی چارج میں باگھیل، ایم ایل اے منیش اسیجا اور دیگر زخمی ہوگئے۔