کنیزفاطمہ کو جمعیۃعلماء ضلع گلبرگہ کی تائید کا اعلان

گلبرگہ 7؍ مئی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضرت مولانا عبدالوحید مفتاحی مہتمم مدرسہ جامعۃ الصالحات ملت نگر گلبرگہ صدر جمعیۃ علماء ضلع گلبرگہ و نائب صدر کرناٹک نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرناٹکا مسلم متحدہ محاذ نے حلقہ اسمبلی گلبرگہ شمال کی کانگریس اُمیدوار محترمہ کنیز فاطمہ صاحبہ کو کامیاب بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ لہٰذا میں بھی تمام گلبرگہ شہر کے خواتین و مرد حضرات سے گذارش کرتا ہوں اپنے قیمتی ووٹ کو ضائع نہ کرتے ہوئے متحد ہو کر محترمہ کنیز فاطمہ صاحبہ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔اس جمہوری ملک میںشیر کرناٹک الحاج قمرالاسلام صاحب کی اہلیہ محترمہ کنیز فاطمہ حقیقی معنوں میں اپنے شوہر کے حلقہ اسمبلی کی نمائندگی کرسکتی ہیں اور ہم مسلمانوں کی قیادت کا فریضہ بحسن و خوبی انجام دے سکتی ہیں ۔ ان کے خاتون ہونے سے کوئی رکاوٹ پیدا نہیں ہوتی ہے اور جو لوگ ذاتی مفاد کیلئے مذہب کو ڈھال بنا رہے ہیں ان کے پروپیگنڈے میں آنے کی ضرورت نہیں ۔ اپنے ملّی اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے ہر ایک ووٹ محترمہ کنیز فاطمہ کو دے کر انھیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا جائے اور کرناٹک میں دوبارہ کانگریس کو برسر اقتدار لا کر فرقہ پرستوں کے مفسدانہ منصوبوں کو ناکام بنایا جائے ۔ فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنا مسلمانوں کا ملّی فریضہ ہے ، اسی میں ان کی اور ملک کی بقاء ہے ۔