سچن ٹنڈولکر ، روی شاستری اور دنیا بھر سے مداحوں کی مبارکباد
نئی دہلی ۔ /5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ کے سوپر اسٹار ویراٹ کوہلی آج 29 سال کے ہوگئے اور سالگرہ کے موقع پر نہ صرف ان کی ٹیم کے ساتھیوں نے بلکہ دنیا بھر سے بے شمار مداحوں نے انہیں دلی مبارکباد دی ۔کوہلی کو اگرچہ راج کوٹ میں گزشتہ شب دوسرے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹی ۔ 20 انٹرنیشنل میچ میں مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہوا لیکن یہ نتیجہ ان کی سالگرہ کے والہانہ جشن کو روک نہیں سکا ۔ ٹیم کے ساتھیوں نے ایک بڑا سالگرہ کیک کوہلی کے چہرہ پرلگادیا ۔ اس وقت وہ ساری ٹیم کے ساتھ جشن منارہے تھے کہ دنیا بھر سے موصول ہونے والی مبارکبادیوں کا تانتا بندھ گیا ۔ کوہلی کے پسندیدہ افسانوی کرکٹر سچن ٹنڈولکر بھی ان نامی گرامی کرکٹرس میں شامل تھے جنہوں نے انہیں مبارکباد دی ۔ ٹنڈولکر نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’ایک جواں سال پرعزم کرکٹ اب دنیا کو شکست دینے والی ٹیم کا لیڈر بن گیا ہے ۔ آپ کو ایک طویل راستہ طئے کرنا ہے ۔ آپ کو ڈھیر ساری کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کے ساتھ سالگرہ کی مبارکباد ‘‘ ۔ کوچ روی شاستری ، سابق بیٹسمین وی وی ایس لکشمن اور دوسروں نے بھی ’کنگ کوہلی ‘ کو سالگرہ کی مبارکباد دی ۔