کنگنا رناوت منی ’’کارنیکا‘‘ کے بعد اب جیہ للیتا کے کردار میں

بالی ووڈ ایکٹریس کنگنا رناوت منی کارنیکا کے بعد سابق ٹامل ناڈو چیف منسٹر جیہ للیتا کے کردار میں نظر آئیں گی۔ مشہور تمل فلمساز اے ایل وجئے جیہ للیتا کی زندگی پر فلم بنانے جارہے ہیں اور اس فلم کے مرکزی کردار کے لئے انہوں نے کنگنا رناوت کو سائن کرلیا ہے۔ اس کردار کو پوری شدت سے نبھانے کے لئے کنگنا ان دنوں سخت محنت کررہی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ وہ تمل زبان بھی سیکھ رہی ہیں۔ تمل اور ہندی کے علاوہ دوسری زبانوں میں بننے جارہی اس فلم کا ٹائٹل وجئے نے تمل میں ’’تلائیوی‘‘ اور ہندی میں ’’جیہ‘‘ رکھا ہے۔ بتاتے چلیں کہ کنگنا اس وقت بالی ووڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ پانے والی ایکٹریسوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے تاحال تین نیشنل فلم ایوارڈز چار فلم فیر ایوارڈس بھی حاصل کئے ہیں۔ 32 سالہ اس ایکٹریس کی حالیہ ریلیز فلم منی کارنیکا دی کوئین تھی ان کی زیر تکمیل فلموں میں ’’منٹل ہے کیا‘‘ اور ’’پنگا‘‘ شامل ہے۔