کنگس الیون پنجاب کو آج نائیٹس کیخلاف پسندیدہ موقف

موہالی۔ 25 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) متواتر کامیابیوں کے بعد بلند حوصلہ کنگس الیون پنجاب بلاشبہ اوپو چمپیئنس لیگ ٹی ٹوئنٹی کے کل یہاں منعقد شدنی گروپ بی میچ میں ناردرن نائیٹس کے خلاف واضح فرق کے ساتھ پسندیدہ ٹیم رہے گی ۔ کنگس الیون موجودہ طورپر گروپ بی میں دو مقابلوں میں دو کامیابیوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہیں ۔ ہوبارٹ ہریکینس اس گروپ میں تین میچوں سے دو کامیابیوں کے ساتھ سرفہرست ہیںجبکہ نائیٹس کی تیسری پوزیشن ہے کیونکہ انھوں نے ایک جیت اور ایک ناکامی درج کرائی ۔ کنگس الیون کا اپنے ہوم گراؤنڈ پر ابھی تک 100 فیصدی ریکارڈ ہے جیسا کہ انھوں نے اپنے ابتدائی مقابلوں میں ہوبارٹ ہریکینس اور بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کو بڑی آسانی سے شکست دی تھی ۔ اپنے گزشتہ میچ میں بارباڈوس کے خلاف ڈیوڈ ملر نے دباؤ کی صورتحال کے باوجود 34 گیندوں میں 46 رنز بنائے اور پرویندر آوانا نے تین وکٹیں لیتے ہوئے کنگس الیون کیلئے 4 وکٹ کی کامیابی میں اپنا رول ادا کیا۔ آسٹریلیائی جارج بیلی کی قیادت میں کنگس الیون کی ٹھوس بیٹنگ لائن اپ ہے جس میں گلین میکسویل ، ویریندر سہواگ جیسے اسٹارس موجود ہیں۔

بارباڈوس ۔ کوبراس کی مساوی مسابقت
٭ چمپینس لیگ میں کل دن کا دیگر میچ موہالی میں ہی بارباڈوس ٹرائیڈنٹس اور کیپ کوبراس کے درمیان مقرر ہے ۔ دونوں ٹیموں کی جاریہ ٹورنمنٹ میں صورتحال لگ بھگ یکساں ہے اس لئے اس مقابلے کو مساوی مسابقت قرار دیا جاسکتا ہے جس میں کامیاب ہونے والی ٹیم کیلئے آگے پیشرفت کے امکانات بڑھ جائیں گے ۔ کوبراس کی ٹیم میں ہاشم آملہ اور ورنن فلانڈر جیسے بین الاقوامی تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔