بنگلور۔10مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کنگس الیون پنجاب کے بولنگ کوچ جی او ڈیوس نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم نے شاندار فتوحات حاصل کرتے ہوئے ٹیموں کے جدول میں پہلا مقام حاصل کرلیا ہے اور اُمید ہے کہ وہ انڈین پریمئر لیگ ٹورنمنٹ کا سرفہرست ٹیم کے ساتھ اختتام کرے گی ۔ سرفہرست دو ٹیموں کیلئے یہ موقع ہے کہ وہ ناک آؤٹ مرحلے میں دو مرتبہ کوشش کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرے جب کہ الیمنیٹرکے ذریعہ ٹیم کو ایک شکست کے بعد ناک آؤٹ مرحلے میں ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑے گا ۔ کوچ نے یہاں بنگلور کے خلاف شاندار کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ایک اور کامیابی کے ذریعہ پلے آف میں اپنی رسائی پر تمام تر توجہ مرکوز کرچکی ہے جس کے بعد ہم ابتدائی دو ٹیموں میں جگہ بناتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے کے مقابلوں میں شرکت کریں گے ۔
ویریندر سہواگ کی جانب سے گلین میکس ویل اور ڈیوڈ ملر کی ستائش پر کوچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں میں ایک دوسرے کی تعریف کا ماحول اس لئے بن رہا ہے کیونکہ ٹیم مسلسل کامیابی حاصل کررہی ہے ۔ ڈیوس نے مزید کہا کہ جب میکس ‘ ملر اور سہواگ ٹیم کے ہمالیائی اسکور میں اپنا تعاون دے رہے ہیں تو پھر بیٹنگ شعبہ میں دو تین ایسے کھلاڑی بھی موجود ہیں جو کہ کھل کر تیز رفتار بیٹنگ کرسکتے ہیں ۔ کوچ نے سندیپ شرما کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بولنگ میں سوئنگ موجود رہنے کی وجہ سے کامیابی حاصل ہورہی ہے ۔ 20سال کی عمر میں سندیپ شرما نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے اور ان سے مستقبل میں امیدیں وابستہ ہوچکی ہیں۔ شان مارش کو موقع ملنے ضمن میں کوچ نے کہا کہ حالات فی الحال ان کیلئے بہتر نہیں ہے ۔