کنچن باغ ڈکیتی واقعہ میں ملوث پانچ افراد گرفتار

ایک سال قدیم مقدمہ بند ہونے کے بعد ٹاسک فورس کی کامیاب مساعی
حیدرآباد 23 جولائی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے کنچن باغ علاقہ میں پیش آئے ڈکیتی کے کیس میں ملوث پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 30 مارچ 2012 ء کو موٹر سائیکل سوار مورا ہری ریڈی اسٹیٹ بینک آف انڈیا سنتوش نگر برانچ میں 9 لاکھ روپئے کی نقد رقم جمع کرانے کے لئے جارہا تھا کہ نامعلوم افراد اُس کا رقم سے بھرا ہوا بیاگ لے کر فرار ہوگئے تھے۔ ایک سال طویل تحقیقات جاری رکھنے کے باوجود بھی پولیس کو کچھ سراغ حاصل نہ ہونے کے نتیجہ میں اس کیس کو بند کردیا گیا تھا۔ لیکن ایسٹ زون ٹاسک فورس کے کانسٹبل جے جیتندر کی جانب سے رہزنی کے اِس واقعہ میں ملوث افراد کا پتہ چلنے پر ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ رہزنی کی واردات میں ملوث 42 سالہ شیخ علی، روڈی شیٹر 38 سالہ محمد صابر حسین، 34 سالہ روڈی شیٹر سید یعقوب، 32 سالہ روڈی شیٹر سید یعقوب، 27 سالہ محمد ایوب کو گرفتار کرلیا جبکہ اِس کیس میں ملوث دیگر تین ملزمین محمد خواجہ، شکیل اور محمد علی کی پولیس کو تلاش ہے۔ ٹاسک فورس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے دو تولے طلائی زیورات اور پانچ موبائیل فونس برآمد کرلئے۔