کنٹراکٹ لکچررس کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ

میدک کے رام داس ایکس وے پر ہڑتال دوسرے دن میں داخل
میدک 30 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ جونیر و ڈگری کالجس میں بحیثیت کنٹراکٹ لکچررس خدمات انجام دینے والے لیکچررس کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ہدایت پر میدک ضلع کنٹراکٹ لیکچررس کی جانب سے اپنے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے لئے میدک کے رام داس ایکس وے پر ہڑتال کا آغاز کیا گیا۔ یہ احتجاج دوسرے دن میں داخل ہوگیا۔ مسٹر سرشیوا صدر ضلع کنٹراکٹ لیکچررس اسوسی ایشن و اسٹیٹ رکن مسٹر محمد عبداللہ سہیل نے کہاکہ تلنگانہ تحریک کے دوران ہم عارضی خدمات انجام دینے والے بھی کے سی آر کی تحریک میں اہم کردار ادا کیا اور ہمیں کے سی آر نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد اقتدار پر آتے ہی تمام لیکچررس کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا تیقن دے رکھا تھا۔ لیکن اقتدار کے ڈھائی سال کے بعد بھی ہمارے مسائل برفدان کی نذر ہوچکے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہمیں دیئے جانے والے معاوضے میں اضافہ کرکے حکومت ٹھنڈی سانس لینا چاہتی ہے۔ لیکن ہمیں معاوضہ میں اضافہ کے بجائے ہماری خدمات کو مستقل بنانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہمارا درس و تدریس کا پیشہ بھی دیگر سرکاری لیکچررس کے مماثل ہے۔ اس لئے ہمیں سرکاری لیکچررس کے مماثل تنخواہیں ملنی چاہئیں۔ ان قائدین نے کہاکہ ہمارے مسائل کی یکسوئی تک احتجاج جاری رہے گا۔ حکومت کو چاہئے کہ کنٹراکٹ نظام کا رواج ختم کرکے سبھی کو مستقل کرے۔ اس موقع پر محمد عثمان، کویتا، روحی ترنم، محمد عظیم الدین، محمد احمد کے علاوہ دیگر موجود تھے۔