حیدرآباد ۔ یکم / اگست (سیاست نیوز) سائبر آباد کی سائبر کرائم پولیس نے ایک شخص کو سوشیل میڈیا کے ذریعہ دھمکانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 38 سالہ کے سریدھر متوطن رامنا پیٹ ضلع نلگنڈہ میں ایک کنسٹرکشن کمپنی کے مالک کو بذریعہ ای میل اور واٹس ایپ ایک میسیج روانہ کیا جس میں سرکاری اراضیات پر غیر مجاز قبضے سے متعلق تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے انہیں سوشیل میڈیا پر اپ لوڈ کیا ۔ کنسٹرکشن کمپنی کے مالک نے اپنی درخواست میں بتایا کہ سریدھر نے ان سے جبراً وصولی کی نیت سے مسلسل دھمکایا اور 80 لاکھ روپئے کی تاوان کی رقم بذریعہ بٹ کوائن ادا کرنے کی مانگ کی ۔ پولیس نے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر سریدھر کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ سریدھر کو حراست میں لینے کے بعد اس کی تفتیش کی جس میں اس نے یہ انکشاف کیا کہ وہ شیر مارکٹ کے کاروبار میں بھاری نقصان سے دوچار ہوا تھا اور اس نے مذکورہ کنسٹرکشن کمپنی کی نشاندہی کرنے کے بعد اس سے جبراً وصولی اور بلیک میل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا ۔