بڑا حادثہ ٹل گیا، چھتری ناکہ پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد 9 مئی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ کندیکل گیٹ میں آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک بے قابو ڈی سی ایم ویان نے آر ٹی سی بس کو ٹکر دے دی۔ تفصیلات کے مطابق عوامی نظام تقسیم کے چاول سے لدی ایک ڈی سی ایم ویان صبح بڑنگ پیٹ سے تالاب کٹہ کے لئے روانہ ہوئی تھی اور جیسے ہی ویان کندیکل گیٹ چھتری ناکہ پہونچی، اچانک گاڑی کا بریک فیل ہوگیا۔ جس کے نتیجہ میں گاڑی بے قابو ہوگئی اور ڈرائیور نے آر ٹی سی بس کو ٹکر دے دی۔ بس میں مسافرین نہ ہونے کے نتیجہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا لیکن ڈی سی ایم ویان ڈرائیور اور کلینر گاڑی میں پھنس گئے۔ اِس حادثہ کے بعد کندیکل گیٹ میں ٹریفک متاثر ہوگئی۔ ویان کی بس کو ٹکر کے نتیجہ میں ویان کو شدید نقصان پہنچا اور ٹریفک پولیس عملہ نے وہاں پہونچ کر کرین کے ذریعہ ویان کو وہاں سے ہٹادیا۔ ڈی سی ایم ڈرائیور محمد حنیف نے کہاکہ اچانک بریک فیل ہونے کے نتیجہ میں اُس نے بس کو ٹکر دے دی ورنہ عوام اِس کی زد میں آجاتے۔ چھتری ناکہ پولیس نے اِس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا۔