کندیکل گیٹ اوور برج کا آج جناب محمد محمود علی افتتاح کریں گے

ک37.29 کروڑ کاخرچ، ایم ایم ٹی ایس ریلوے کراسنگ میں آسانی، برج کی تعمیر میں تین سال کا عرصہ
حیدرآباد ۔ 30 اگست (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پرانے شہر کے عوام کو درپیش ٹریفک مسائل سے نجات دلانے کی غرض سے جی ایچ ایم سی کے فنڈ سے 37.29 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کردہ ’’کندیکل گیٹ اوور برج‘‘ کا 31 اگست بروز پیر ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر محمد محمود علی کے ہاتھوں افتتاح عمل میں لایا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی ذرائع کے بموجب جی ایچ ایم سی کی جانب سے تعمیر کردہ مذکورہ روڈ اوور برج کے آغاز کے نتیجہ میں ایم ایم ٹی ایس ریلوے لائن کراسنگ کی وجہ سے پرانے شہر کے عوام کو ٹریفک کے دوران حائل رکاوٹوں کے مسئلہ کا بڑی حد تک حل نکل آئے گا اور عوام کو راحت نصیب ہوگی۔ مذکورہ تعمیر کردہ اوور برج جو 837 میٹر کے فاصلہ پر مشتمل ہے، جس کے آغاز سے چارمینار، فلک نما، چندرائن گٹہ کے درمیان فاصلہ میں کمی واقع ہونے کے علاوہ عوام کیلئے ٹریفک کے بہاؤ اور سفر میں آسانی کی راہ بھی ہموار ہوگی جس کے نتیجہ میں چارمینار علاقہ کے عوام کو براہ بارکس شمس آباد ایرپورٹ کو جانے کیلئے آسان سفر کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ متذکرہ اوور برج کے تعمیراتی کاموں کا سال 2012ء میں آغاز کیا گیا تھا اور جس کے تعمیراتی کاموں میں سست روی تھی لیکن مسٹر سومیش کمار کے بحیثیت کمشنر جی ایچ ایم سی عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد تعمیراتی کاموں کو سرعت کے ساتھ تکمیل کرلیا گیا جس کا پیر کے دن ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی افتتاح انجام دیں گے۔