گرانڈ پری بیڈمنٹن میں آندھرا پردیش کے پرنیت نے اولین ٹائٹل جیتا ۔ ریو جانیوالی ڈبلز جوڑی کی بھی حوصلہ بخش کامیابی
کلگری ، 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کناڈا اوپن میں انڈیا کیلئے دہری خوشی کی بات ہوئی کیونکہ بی سائی پرنیت اور ریو گیمز کیلئے جانے والی مینس ڈبلز جوڑی مانو اٹری اور بی سمیت ریڈی نے یہاں 55,000 امریکی ڈالر والے گرانڈ پری بیڈمنٹن ٹورنمنٹ میں اپنا خطابی مقابلہ جیت کر دہرے خطابات حاصل کرلئے۔ چوتھے سیڈ 23 سالہ پرنیت نے کھیل میں بھرپور اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوریا کے لی ہیون ال کو مینس سنگلز فائنل میں 21-12، 21-10 سے شکست دی۔ یہ میچ مارکین میک فیل سنٹر میں گزشتہ روز اندرون نصف گھنٹہ ختم ہوگیا۔ انھیں لی کے خلاف شاید ہی کچھ خاص محنت کرنی پڑی۔ ٹاپ سیڈ مانو اور سمیت جو ریو اولمپکس کیلئے کوالیفائی ہونے والی اولین انڈین مینس ڈبلز جوڑی بنے ہیں، انھیں بہت حوصلہ ملا جب انھوں نے اڈریان لیو اور ٹوبی این جی کی مقامی جوڑی کو یہاں یکطرفہ فائنل میں 21-8، 21-14 سے شکست دی۔ پرنیت ماضی قریب میں انجریز اور بے استقلال فام سے متاثر رہے تھے۔ وہ کئی ٹورنمنٹس میں جلد خارج ہوگئے۔ وہ وقفے وقفے سے بعض بڑے حریفوں کو ہرا بھی رہے تھے لیکن ٹائٹل پر قبضہ نہیں ہوپارہا تھا۔ لیکن گزشتہ روز سب کچھ تبدیل ہوگیا جب آندھرا پردیش کے عالمی نمبر 37 نوجوان پوڈیم پر آئے اور اُن کے ہاتھوں میں اُن کا اولین گرانڈ پری کراؤن تھمایا گیا۔عالمی نمبر 23 مانو اور سمیت کو بھی اڈریان اور ٹوبی کے مقابل کچھ خاص چیلنج کا سامنا نہیں ہوا۔ ہندوستانی جوڑی نے فرسٹ گیم میں 3-3 کے بعد شاندار پیش رفت شروع کی جو خطابی فتح پر ختم ہوئی۔