والدین آج کل کے بچوں کی کم نیند سے بہت پریشان ہیں کیونکہ بچے کم نیند کے باعث اسکول میں اچھی کارکردگی دکھانے سے قاصر رہتے ہیں ۔ ماہرین بچوں کی کم نیند کی بہت سی وجوہات بیان کرتے ہیں تاہم ایک وجہ زیادہ ویڈیو گیمز کھیلنا ٹی وی ‘ موبائیل وغیرہ دیکھنا بھی ہے ۔ تحقیق کے مطابق ایسے بچے جو بہت زیادہ ویڈیو گیمز کھیلتے ہیں یا کمپیوٹر اور ٹی وی وغیرہ کے سامنے دیر تک بیٹھے رہتے ہیں ان کی نیند بری طرح سے متاثر ہوسکتی ہے ۔ کم نیند لینا یوں تو ہر ایک کیلئے نقصاندہ ہے مگر خصوصی طور پر نوجوانوں کیلئے بہت ہی زیادہ نقصاندہ ہے ۔ ویڈیو گیمز یا کمپیوٹر اور ٹی وی کے دیر تک استعمال کی وجہ سے دماغ کے وہ حصے متاثر ہوتے ہیں جو نیند کیلئے مخصوص ہیں ۔ مسلسل کئی روز تک روزانہ چار گھنٹے تک ویڈیو گیمز کھیلنا یا چھ گھنٹے تک ٹی وی دیکھنے کی وجہ سے دماغ کے اس حصے میں تبدیلی واقع ہوسکتی ہے جو بعد میں بے خوابی کی بیماری کا روپ دھار لیتی ہے ایسے بچوں میں نیند کی عادات پر کنٹرول پانے میں مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں ۔