کم قیمت پر زیورات فراہم کرنے کا دعویٰ، دھوکہ باز گرفتار

مسروقہ مال ضبط، ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 23 جولائی (سیاست نیوز) کم دام میں طلائی زیورات فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے والے ایک شاطر دھوکہ باز کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا اور اُس کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 39 سالہ کے لکشمن متوطن ضلع محبوب نگر سابق میں خانگی ہاسٹلس میں سوپروائزر کی حیثیت سے ملازمت کرچکا ہے اور بعدازاں اُس نے خود ایک بوائز ہاسٹل ضلع محبوب نگر میں قائم کیا لیکن اس میں نقصان ہونے کے سبب لکشمن نے آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے آن لائن مارکٹ کے ذریعہ دھوکہ دینے کا منصوبہ تیار کیا۔ پولیس نے بتایا کہ ایم گائتری نامی خاتون نے لکشمن کے فیس بُک پروفائیل میں موجود طلائی زیورات کی تصویر کو دیکھنے کے بعد اُسے خریدنے کا ارادہ ظاہر کیا جس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے لکشمن نے خاتون کو دھوکہ دینے کی غرض سے اُسے احمدآباد (گجرات) طلب کیا۔ دھوکہ باز کی باتوں میں آکر گائتری احمدآباد پہونچ کر 4 لاکھ روپئے کی رقم آن لائن منتقل کی اور طلائی زیورات حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن لکشمن نقد رقم حاصل ہونے کے فوری بعد اپنا موبائیل فون بند کرکے فرار ہوگیا۔ ٹاسک فورس نے لکشمن کو گرفتار کرتے ہوئے اُسے کے قبضہ سے 3 لاکھ 90 ہزار نقد رقم اور ایک موبائیل فون برآمد کرلیا۔