کم عمر لڑکی کا اغواء و عصمت ریزی پر گرفتار شخص جیل منتقل

ملزم کی تفتیش پر اعتراف جرم، عبداللہ پور میٹ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /8 جولائی (سیاست نیوز) عبداللہ پورمیٹ پولیس نے کم عمر لڑکی کے اغواء اور عصمت ریزی میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرکے اسے جیل بھیج دیا ۔ پولیس کے بموجب 22 سالہ یو شیوا کمار جو عبداللہ پورمیٹ علاقہ میں رہتا ہے ٹی اسٹال چلاتا ہے کی دوستی اسی علاقے میں فروٹ جوس سنٹر کی بیٹی سے ہوئی ۔ کم عمر لڑکی اپنے باپ کی مدد کیلئے جوس سنٹر آیا کرتی تھی اور حالیہ دنوں امتحانات میں غیراطمینان بخش مظاہرہ کرنے پر اس کی ماں نے اسے ڈانٹ ڈپٹ کی تھی جس کے نتیجہ میں لڑکی دلبرداشتہ ہوگئی تھی ۔ کم عمر لڑکی نے شیوکمار کو فون کرکے اسے مدد طلب کی اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹی اسٹال کے مالک نے اسے اپنے ایک دوست کے مکان لے جاکر اس کا جنسی استحصال کیا ۔ کم عمر لڑکی کے باپ نے عبداللہ پورمیٹ پولیس سے اپنی بیٹی کی گمشدگی کا ایک مقدمہ درج کروایا تھا اور شیوکمار کے موبائیل فون ریکارڈس کے تجزیہ سے یہ ثابت ہوا ہے کہ لڑکی اس کے قبضے میں ہے ۔ سب انسپکٹر عبداللہ پور میٹ اودئے کرن نے شیوکمار کو حراست میں لے لیا اور اس کے خلاف اغواء ، عصمت ریزی اور پوسکو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا ۔